منگلورو،21؍اپریل (ایس او نیوز) لاک ڈاؤن کی وجہ سے موٹر گاڑیوں کی آمد ورفت پر پابندی لگنے کے بعد نیشنل ہائی وے پر ٹول وصولی بھی بند کردی گئی تھی۔
نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شیشو موہن نے بتایا کہ اتوار کے دن آدھی رات سے ہائی وے پر واقع ٹول گیٹس سے موٹر گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ٹول گیٹس کے دونوں جانب پولیس چیک پوسٹس لگے ہوئے ہیں اس لئے کسی غیر مجاز گاڑی کوپولیس والے وہاں سے گزرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ صرف متعلقہ افسران کی طرف سے جاری کردہ اجازت نامہ اپنے ساتھ رکھنے والوں کو ٹیکس ادا کرنے کے بعد ٹول گیٹس سے گزرنے کا موقع دیا جائے گا۔
اس طرح پیر کے دن سے تلپاڈی، سورتکل،ساستھان اور بنٹوال میں ٹول گیٹس پر وصولی کاکام شروع کیا گیا ہے۔ اڈپی ضلع کے ساستھان میں واقع ٹول گیٹ پر گاڑیوں کو گزرنے کے لئے بہت زیادہ دقت کا سامنا کرناپڑرہا ہے کیونکہ صرف دو گیٹس کھول دی گئی ہیں جبکہ صبح سات بجے سے گیارہ بجے تک چھوٹ کے دوران یہاں پر بہت سی گاڑیاں روڈ پر نکل رہی ہیں۔چھوٹ کے مختصر وقت میں کوئی اہم کام پورا کرنے لئے نکلے ہوئے لوگوں کو ٹول گیٹ پر پھنس کروقت ضائع کرنا پڑرہا ہے اس لئے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ مزید گیٹس کھول کر لوگوں کو سہولت فراہم کی جائے۔